نئی دہلی، 6 جنوری (آئی این ایس انڈیا)تاج محل کمپلیکس میں چار نوجوانوں کے بھگوا جھنڈے لہراتے ہوئے پکڑے جانے کے ایک دن بعد سی آئی ایس ایف نے منگل کے روز کہا کہ وہ مغل عہد کی یادگار کی اپنی نگرانی اور انٹیلی جنس جمع کرنے کے طریقہ کار کا جائزہ لے گی تاکہ ایسے واقعات دوبارہ نہ پیش آئیں۔
مذکورہ چاروں نوجوانوں پر مذہب کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے مابین دشمنی کو فروغ دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تاج محل کی حفاظت کی ذمہ داری مرکزی صنعتی سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) پر عائد ہوتی ہے۔ اے ایس آئی (آگرہ ریجن) کے سپرنٹنڈنٹ آثار قدیمہ کے ماہر وسنت سوارناکر نے بتایا کہ چونکہ یہ سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے، اس لئے ہم نے سمجھنے کے لئے اگلے دو سے تین دن میں سی آئی ایس ایف سے رپورٹ طلب کی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار چاروں نوجوان دائیں بازو کی تنظیم کے رکن ہیں اور وہ پیر کی سہ پہر میں مشرقی دروازے سے تاج محل کے اندر آئے تھے۔ اس نے بھگوا پرچم لہرایا اور اپنی سرگرمی کی 10 سیکنڈ کی ویڈیو یوٹیوب پر ڈال دی۔
سیکیورٹی قوانین کے تحت اے ایس آئی یادگاروں کی سیر کرنے والے سارے سیاحوں کی سخت جانچ کی جاتی ہے اور وہ اپنے ساتھ پوسٹر یا دیگر تحریری مواد نہیں لے جا سکتے ہیں، تاہم سیلفی ڈنڈوں کا استعمال ممنوع نہیں ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے بعد جب تاج محل کو سیاحوں کے لئے دوبارہ کھولا گیا تو اس کے دروازوں پر موجود سیاحوں کی جسمانی طور پرجانچ نہیں کی جاتی ہے۔
سی آئی ایس ایف کے کمانڈنٹ راہل یادو نے بتایاکہ سیاح احاطے کے اندر ہر قسم کے کپڑے لاسکتے ہیں۔ ان کو لباس کے ٹکڑوں جیسے رومال یا دوپٹہ لے جانے سے روکنا مشکل ہے اور یہ کپڑے مختلف رنگوں کے ہوسکتے ہیں۔